اٹلی کے مرکزی علاقوں میں بدھ کی رات دو بار زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں کئی
عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ متاثرہ علاقوں میں لوگ زلزلے کے جھٹکوں سے
خوف زدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ حکام کے مطابق 5۔5 کی شدت کے پہلے
زلزلے کا جھٹکا مقامی وقت کے مطابق رات نو بج کر دس منٹ پر صوبہ میسراتا
میں ویسو کے پاس محسوس کیا گیا۔ اس کے تقریباً دو گھنٹے بعد اسی علاقے میں
1۔6 کی شدت کا دوسرا زلزلہ آیا۔ ان واقعات میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی
اطلاعات ہیں لیکن فوری طور پر کسی کی ہلاکت کی کوئی خبر نہیں ہے۔ عوام کے
تحفظ سے متعلق محکمے کے ایک افسر فبریزیو کیروچو نے بتایا ہے کہ تقریباً دس
افراد زخمی ہوئے ہیں جس میں سے چار کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔ زلزلے کے یہ
جھٹکے اٹلی کے دارالحکومت روم
سمیت تقریباً سبھی مرکزی علاقوں میں محسوس
کیے گئے۔ روم میں زلزلے سے عمارتیں ہل گئیں اور کھڑکیاں کھڑ کھڑانے لگیں۔
ایمرجنسی سروسز کے حکام متاثرہ علاقوں میں ابھی حالات کا اچھی طرح سے جائزہ
لے رہے ہیں اور نقصان کا صحیح اندازہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک عینی
شاہد نے اطالوی ٹی وی کو بتایا کہ انھوں نے اپنے سامنے ایک عمارت کے بعض
حصوں کو گرتے ہوئے دیکھا۔ اٹلی میں رات کی تاریکی ختم ہونے پر ہی جمعرات کی
صبح نقصان کا صحیح اندازہ ہوسکتا ہے لیکن ایک اندازے کے مطابق اس سے
کیمرینوں شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اس شہر کے ایک رہائشی نے بتایا کہ
'ہر شخص تحفظ کے مد نظر گاڑیوں کے ذریعے یا پیدل ہی کیمرینو شہر چھوڑ رہا
ہے۔ دو چرچ پوری طرح سے تباہ ہوگئے ہیں جبکہ کئی مکانات گر چکے ہیں'